سعودی عرب اپنی پوزیشن واضح کرے۔۔!! پہلی مرتبہ ’ او آئی سی ‘ کو دوٹوک الفاظ میں وارننگ دے ڈالی

لاہور( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان سعودی عرب کی مدد یا اس کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی زیرقیادت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر

پر وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے موقع پر پیر کھینچنا بند کرے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے نجی میڈیا چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک بار پھر احترام کے ساتھ او آئی سی کو بتا رہا ہوں کہ وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہماری توقع ہے۔ اگر آپ اس کو طلب نہیں کرسکتے ہیں تو پھر میں وزیراعظم عمران خان سے اسلامی ممالک کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کروں گا جو مسئلہ کشمیر پر ہمارے ساتھ کھڑے ہونے اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے لئے تیار ہیں۔پاکستان سعودی عرب کے ساتھ یا اس کے بغیر “آگے بڑھے گا” جب یہ پوچھا گیا کہ کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ یا بغیر توانہوں نے کہا کہ پاکستان مزید انتظار نہیں کرسکتا۔پاکستان او آئی سی سے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کرنے کے لیے زور دے رہا ہے جس میں 57 ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے اس کو اقوام متحدہ کے بعد سب سے بڑا پلیٹ فارم کہا جاتا ہے۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے لئے وزرائے خارجہ کانفرنس کی اہمیت کی وضاحت کی تھی۔ تب انہوں نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر امت مسلمہ کی طرف سے واضح پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے۔اگرچہ گزشتہ سال اگست سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کی میٹنگ ہو رہی ہے اور او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے مقبوضہ وادی میں حقوق کی پامالی کے بارے میں بیانات دیئے ہیں ، لیکن اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔وزرائے خارجہ کے اجلاس کو طلب نہ کرنے کے پیچھے ایک بڑی وجہ سعودی عرب کی طرف سے کشمیر سے متعلق خصوصی طور پر پاکستان کی درخواست کو قبول کرنے سے گریز کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دسمبر میں سعودی درخواست پر کوالالمپور سمٹ چھوڑ دیا تھا اور اب پاکستانی مسلمان جو مملکت کے لئے اپنی جان دینے کے لئے تیار ہیں ، ریاض سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ “اس معاملے پر قیادت دکھائیں،ہماری اپنی حساسیتیں ہیں۔ آپ کو اس کا احساس کرنا ہوگا۔ خلیجی ممالک کو یہ سمجھنا چاہئے۔شاہ محمود قریشی نے واضح پیغام دیا کہ ہم کشمیریوں کے دکھوں پر اب خاموش نہیں رہ سکتے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.